میرا کالم "خوش گپیاں" ہمیشہ اپنے قارئین کو اپنی طرف مبذول کراتا ہے، اس کے منفرد نام اور دلچسپ انداز کے باعث۔ لوگوں کو اس کا نام سن کر ہی تجسس ہوتا ہے کہ ہلکی پھلکی باتوں میں کیا خاص موضوع زیر بحث ہوگا، اور یہی میری کوشش بھی ہوتی ہے کہ خوش گپ میں ہمیشہ کوئی تعمیری اور مثبت موضوع سامنے لایا جائے۔ کبھی کبھار، میں معاشرے کے تلخ موضوعات کو بھی خوشگوار انداز میں پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ ان پر بات کرنا آسان اور دلچسپ ہو جائے۔
آج کی خوش گپی میں، میں پاکستان آرمی کی عوامی فلاح و بہبود کی خدمات پر روشنی ڈالنا چاہوں گا، جو نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے بلکہ ہماری قوم کے مسائل کو حل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ حال ہی میں، آرمی موبائل یونٹ نے ضلع بھمبر آزاد کشمیر کی تحصیل سماہنی کے علاقے موضع چٹی مٹی (خنجر سیکٹر) میں ایک موبائل میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ میں آر ایم او 5 اے کے (حیدر دل) کا تعاون بھی شامل تھا۔
کیمپ میں کل 153 مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں فری میڈیکل کنسلٹیشن، بلڈ پریشر چیک اپ، اور مفت ادویات کی فراہمی شامل تھی۔ مریضوں میں 71 بچے، 52 خواتین، اور 30 مرد شامل تھے۔ عوام علاقہ نے اس خدمات پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور ا±مید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رہیں گے۔
پاکستان آرمی کا میڈیکل ڈیپارٹمنٹ ہمیشہ مشکل گھڑیوں میں پیش پیش رہا ہے، چاہے وہ امن کا دور ہو یا آفات کا۔ زلزلے، سیلاب، یا دیگر قدرتی آفات کے دوران، آرمی کے میڈیکل یونٹس ہمیشہ ہر اول دستے کے طور پر موجود ہوتے ہیں، اور اس بار بھی دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات پہنچا کر عوام کے دلوں میں تحفظ کا احساس پیدا کیا۔
"خوش گپیاں" میں ایسی مثبت باتوں کا ذکر کرنا نہ صرف ہماری گفتگو کو خوشگوار بناتا ہے بلکہ ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے بھی اہم ہوتا ہے۔ میری کوشش یہی رہتی ہے کہ قارئین کو نہ صرف مسکراہٹ دی جائے بلکہ کچھ سوچنے پر بھی مجبور کیا جائے، تاکہ ہم سب مل کر اپنے معاشرے کی بہتری کے لیے کام کر سکیں۔