بھمبر کچہری میں جدید فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا گیا
تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری بھمبر میں جدید ترین فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اسسٹنٹ کمشنر عیص بیگ کے وژن، ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد محمود جرال کی موٹیویشن، اور صابر حسین فاؤنڈیشن کے سرپرست چوہدری شاکر حسین کی مالی معاونت کے نتیجے میں مکمل ہوئی ہے۔ یہ فلٹریشن پلانٹ روزانہ کچہری میں آنے والے سینکڑوں افراد کے ساتھ ساتھ قریبی رہائشی آبادی کو بھی صاف اور شفاف پانی فراہم کرے گا۔
افتتاحی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی، جس میں صابر حسین فاؤنڈیشن کے ذمہ داران اور کسگمہ سے تعلق رکھنے والے عزیز و اقارب سمیت مختلف معززین نے شرکت کی۔ نمایاں شخصیات میں واجد مہر، مرزا اجمل جرال، طارق بٹ، اقبال انقلابی، ایکسیئن مظہر اقبال، کمال سبحانی، اور اوورسیز کشمیری رہنما حنیف چوہدری شامل تھے۔
مزید برآں، تقریب میں صدر ڈسٹرکٹ بھمبر بار چوہدری ظفر اقبال ایڈووکیٹ، صدر کشمیر پریس کلب بھمبر چوہدری جمیل شفیع، مسلم کانفرنس میرپور کے رہنما شکور مغل، چیئرمین صابر حسین فاؤنڈیشن سید ممتاز شاہ، بانی فاؤنڈیشن چوہدری شاکر حسین، اور سابق چیئرمین تحصیل زکوٰۃ کمیٹی چوہدری منیر حسین نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران مقررین نے خطاب کیا اور اس منصوبے کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ افتتاحی تقریب کی خاص بات ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد محمود جرال کا فیتہ کاٹنا اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی تھی، جس کے بعد فلٹریشن پلانٹ باضابطہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا۔